کراچی: (دنیا نیوز) نیب ترمیمی ایکٹ سے سابق ڈی جی پارکس کراچی کو بھی ریلیف مل گیا ہے اور احتساب عدالت نے لیاقت قائمخانی کیخلاف ریفرنس نیب کوواپس بھیج دیا ہے۔
نیب نے سابق ڈی جی پارکس کراچی لیاقت قائمخانی کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس بنایا تھا اور ان کے گھر چھاپے سے قیمتی گاڑیاں، سونا، زیورات ملے تھے۔
نیب کے مطابق لیاقت قائمخانی پارک کی زمین غیر قانونی طور پر پرائیویٹ پارٹی کو الاٹ کرنے میں ملوث رہے، انہیں سیکشن نائن اے 5 کے تحت کرپشن کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔
نیب ریفرنس میں لیاقت قائمخانی کے معلوم ذرائع سے ہونے والی آمدن اور ان کے ملکیتی اثاثوں کا مکمل ریکارڈ فراہم کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے لیاقت قائمخانی کو جعلی اکاؤنٹس سکینڈل سے متعلق غیر قانونی الاٹمنٹس کے ایک ریفرنس میں بھی نامزد کیا جاچکا ہے۔