خواتین ظلم و ستم پر تنسیخ نکاح کا دعویٰ کر سکتی ہیں: سپریم کورٹ

Published On 22 December,2022 01:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے شوہر اور سسرال کے ظلم و ستم اور ناروا سلوک پر تنسیخ نکاح کی اجازت کی توثیق کر دی۔

سپریم کورٹ نے ظلم کی وجہ سے نکاح تحلیل کی درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا، عدالت نے شوہر کی جانب سے ظلم کرنے پر تحلیل نکاح کے مقدمے میں فیملی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھنے کا حکم دیا۔

عدالت نے فیصلے میں اپیلیٹ اور پشاور ہائیکورٹ کا ظلم کی بنیاد پر نکاح تحلیل کا دعوی خلع میں تبدیل کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیوی ذہنی یا جسمانی ظلم کی بنیاد پر شوہر سے نکاح تحلیل کرنے کا دعویٰ دائر کرنے کی حقدار ہوتی ہے۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ شوہر کا بیوی کے دعوے کے بدلے ازدواجی حقوق پورے نا کرنے کا دعویٰ مہر کی ادائیگی سے بچنے کا محرک ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ طیبہ عمبرین نے شوہر اور سسرال کے ناروا سلوک پر نکاح تحلیل کرنے کا دعویٰ 2014 میں کیا تھا۔