کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے علاقے کاہان میں کلیئرنس آپریشن کے دوران بارودی سرنگ کے دھماکے میں کیپٹن سمیت 5 جوان شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز مصدقہ اطلاعات پر بلوچستان کے علاقے کاہان میں کلیئرنس آپریشن میں مصروف تھیں کےبارودی سرنگ کا دھماکا ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ژوب: سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ، ایک جوان شہید، 2 زخمی
پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید ہونیوالوں میں کیپٹن فہد، لانس نائیک امتیاز، سپاہی اصغر مہران اور سپاہی شمعون شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بزدلانہ کارروائیاں بلوچستان کے امن و خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کر سکتیں، سکیورٹی فورسز قربانیاں دے کر مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے پُرعزم ہیں۔
دریں اثنا وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے سکیورٹی فورس کلیئرنس آپریشن کے دوران کیپٹن فہد اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا، شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی، وزیرداخلہ نے شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے افسروں اورجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، شہداء ہماری قوم کے ماتھے کا جھومر اور فخر ہیں، پاکستان کے عوام ان کے پیچھے کھڑے ہیں، دہشتگردی کا پہلے بھی مقابلہ کیا، اب بھی پوری قوت اور طاقت سے قلع قمع کریں گے۔
علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سکیورٹی فورس کلیئرنس آپریشن کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا، ڈاکٹر عارف علوی نے شہداء کے ورثاء سے اظہار تعزیت کیا۔
صدرمملکت نے شہداء کی دفاع وطن کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازا میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران عسکریت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ ایک سکیورٹی اہلکار شہید ہوا ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق ضلع ژوب کے علاقے سمبازا میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شروع کیا گیا آپریشن گزشتہ 96 گھنٹوں سے جاری تھا، اس آپریشن کا مقصد دہشت گردوں کو پاکستان اور افغانستان کی سرحد سے متصل چند مشتبہ راستوں کے استعمال سے روکنا تھا جن کے ذریعے خیبر پختونخوا میں داخل ہو کر شہریوں اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جا سکتا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کی مسلسل نگرانی کے ذریعے اتوار کی صبح دہشت گردوں کے ایک گروہ کو روکا گیا اور دہشت گردوں کے فرار کے راستے روکنے کے لیے ناکہ بندی کی گئی تو انہوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں حق نواز نامی سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں۔
بیان کے مطابق فائرنگ کے دوران دہشت گردوں کو سرحد پار موجود ان کے سہولت کاروں کے ذریعے بھی مدد میسر تھی، دیگر عسکریت پسندوں کو پکڑنے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔