کراچی: (دنیا نیوز)سندھ ہائی کورٹ نے رہنما تحریک انصاف شہباز گل کی گرفتاری سے روکنے کیلئے درخواست کی فوری سماعت کی استدعا مسترد کر دی۔
قومی اداروں کیخلاف تضحیک آمیز بیانات کیس میں سندھ ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی گرفتاری سے روکنے کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے شہبازگل کی درخواست کی فوری سماعت کی استدعا مسترد کر دی۔
رہنما پی ٹی آئی شہباز گل نے اپنی درخواست میں مؤقف پیش کیا کہ میرے خلاف تھانہ سرجانی ٹاون، بریگیڈ اور رضویہ میں مقدمات درج کئے گئے ہیں، اسی بیان سے متعلق ایک مقدمہ لاہور کے تھانہ مانگا منڈی میں درج ہوچکا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ایک واقعہ کا ایک ہی مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے، عدالت سے درخواست ہے کہ کراچی میں درج مقدمات کو کالعدم قرار دیا جائے اور درخواست پر فوری سماعت کی جائے۔
جسٹس عرفان سادات نے ریمارکس دیئے کہ ہم صرف نئے کیسزکی فوری سماعت کی اجازت دیتے ہیں، پہلے سے زیرسماعت مقدمے میں فوری سماعت کی استدعا منظور نہیں کی جاتی، عدالتی قواعد کے مطابق روسٹر برانچ کے ذریعے درخواست دائر کی جائے۔
بعدازاں عدالت نے شہبازگل کی درخواست کی فوری سماعت کی استدعا مسترد کر دی۔