اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بہرے افراد کی الیکٹرانک میڈیا تک رسائی کے ایکٹ کی منظوری دے دی ہے، ایکٹ کا نفاذ آئندہ 6 ماہ کے اندر کیا جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں صدر پاکستان نے کہا کہ 6 ماہ کے بعد کوئی بھی نیوز بلیٹن سائن لینگوئج ترجمان کے بغیر نشر نہیں ہو گی، ایک سال بعد الیکٹرانک میڈیا پرکوئی بھی پروگرام بغیر سائن لینگویج ترجمان نشر نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک سال بعد کسی بھی سرکاری و نجی الیکٹرونک میڈیا، نجی ٹی وی چینل، کیبل ٹی وی یا کسی دُوسرے میڈیا پر سائن لینگویج ترجمان کے بغیر کسی بھی پروگرام، انٹرٹینمنٹ، اشتہار، ٹاک شو، ڈراما، فلم یا کسی بھی قسم کے تصویری پروگرام کی اجازت نہ ہوگی۔
سرکاری اور نجی میڈیا ہاؤسز کو ایکٹ کے نفاذ کے 6 ماہ کے اندر ایکٹ پر عمل درآمد کیلئے سائن لینگویج ترجمان مقرر کرنا ہوں گے
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) December 30, 2022
ایکٹ کا نفاذ پورے پاکستان پر فی الفور ہوگا
صدر پاکستان کا اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ سرکاری اور نجی میڈیا ہاؤسز کو ایکٹ کے نفاذ کے 6 ماہ کے اندر ایکٹ پر عمل درآمد کیلئے سائن لینگویج ترجمان مقرر کرنا ہوں گے، ایکٹ کا نفاذ پورے پاکستان پر فی الفور ہوگا۔