اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2023ء میں پاکستان کو معاشی و سیاسی استحکام اور سماجی بہتری کی منزل کی طرف لے کر جائیں گے، دعا ہے نیا سال کشمیر اور فلسطین کی آزادی کا سال ہو۔
اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ 2022ء پاکستان کے لئے تلخ و شیریں ثابت ہوا، سیلاب کی تباہ کاریوں نے عوام کے مسائل اور تکالیف میں اضافہ کیا، سال 2023ء میں 3 کروڑ 30 لاکھ سیلاب متاثرین کی زندگیوں میں اجالے کرنے کی سرتوڑ کوشش کریں گے، دعا ہے اللہ تعالیٰ 2023ء کے سال کو انسانیت کی فلاح و بہبود اور امن و خوش حالی کا باعث بنائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دعا ہے نیا سال دہشت گردی، مہنگائی سے نجات کا سال ہو، عوام کی جان اور معاش کا تحفظ ہو، نئے سال میں دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں سمیت ہمہ جہت چیلنجز کا سامنا ہے، عہد کرتے ہیں کہ عوام کی زندگیوں کی تلخیاں کم کرنے اور حالات بہتر بنانے کے لئے دن رات کام کریں گے، نئے سال کو اپنے نوجوانوں کے لئے مواقع کا سال بنائیں گے۔
شہباز شریف کا کا مزید کہنا تھا کہ نئے سال کو آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کی پائیدار بنیاد بنانے کے لئے استعمال کرنا ہوگا، دعا ہے نیا سال مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کی آزادی کا سال ہو، نئے سال کے موقع پر شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر دے۔