پشاور: (دنیا نیوز) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے سال 2022ء کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی جس میں بتایا گیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 7 لاکھ افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔
چیف ٹریفک آفیسر شہزادہ عمر عباس بابر نے بتایا کہ نو پارکنگ زون میں گاڑیاں کھڑی کرنے پر 75 ہزار 929 افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی، بغیر روٹ پرمٹ کے گاڑی چلانے پر 3 ہزار 824 افراد جبکہ ہیلمٹ کے بغیر ڈرائیونگ کرنے پر 1 لاکھ 51 ہزار 364 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گاڑیوں پر کالے شیشوں کے استعمال پر 12 ہزار 955 افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے، دوران سفر موبائل فون کے استعمال پر 2070 جبکہ بغیر سیٹ بیلٹ سفر پر 23 ہزار 503 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی، کم عمری میں ڈرائیونگ پر 2282، غیر رجسٹرڈ گاڑیاں چلانے پر 6330 افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی، خلاف ورزی دہرانے پر 9 ہزار 31، غلط اوورٹیکنگ کرنے پر 8 ہزار 819 افراد کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔
سی ٹی او نے بتایا کہ لائسنس پیش کرنے سے انکار کرنے پر 13 ہزار 996، اوور سپیڈنگ پر 9297 جبکہ غلط یوٹرن پر 8 ہزار 84 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی، بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے گاڑی چلانے پر 16 ہزار 345 جبکہ ٹریفک میں مزاہم پر 23 ہزار 503 افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سامان کی غلط لوڈنگ پر 9 ہزار 326، ون وے خلاف ورزی پر 58001، گاڑی کے اشارے کو غلط استعمال کرنے پر 25 ہزار 171 افراد کے خلاف کارروائی ہوئی، قطار توڑنے پر 68 ہزار 657 جبکہ دوسری گاڑیوں کو راستہ نہ دینے پر بھی 8 ہزار 819 افراد کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
چیف ٹریفک آفیسر شہزادہ عمر عباس بابر نے کہا کہ آگاہی مہمات کی بدولت جان لیوا ٹریفک حادثات میں 2021ء کی نسبت 19 فیصد کمی آئی ہے۔