کراچی: (دنیا نیوز) روشنیوں کے شہر کراچی کی بدلتی سیاسی صورتحال پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جماعت اسلامی سے رابطہ کر لیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی رہنما خرم شیر زمان نے حافظ نعیم الرحمان کو فون کر کے کہا کہ ہمیں بلدیاتی انتخابات سے متعلق مل کر حکمت عملی بنانی چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم نے گراؤنڈ پہ رہ کر کراچی کے مسائل کے لیے جدوجہد کی، بلدیاتی انتخابات سے متعلق کسی ابہام کا شکار نہیں، بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے کسی کو بھاگنے نہیں دیں گے۔
پی ٹی آئی سندھ کی قیادت نے حافظ نعیم الرحمان سے بالمشافہ ملاقات پر غور شروع کر دیا، خرم شیر زمان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم کی کوئی جگہ نہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں طرف کی قیادت مشترکہ حکمت عملی کی طرف جا سکتی ہے، ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو بلدیاتی انتخابات سے متعلق ابہام سے نکلنا ہو گا۔