عمران خان کو ہم نے چارٹر آف اکانومی کی دعوت دی ہے: قمر زمان کائرہ

Published On 02 January,2023 11:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ یہ بات درست ہے ملک میں بحرانی کیفیت ہے، دہشت گردی کے حملے بھی ہو رہے ہیں، بارڈر پار صورتحال بھی پریشانی کا باعث ہے۔

دنیا نیوز سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایک موقع پر بھی عمران خان نے بات چیت کی آفر نہیں کی، وہ اپنا ایجنڈہ بتائیں لیکن شرائط نہ رکھیں، اتفاق رائے بہت ضروری ہوتا ہے، سب کو اکٹھے ہونا ہو گا، وہ اگر نہیں ہوتے تو کیا کریں؟ ہم نے چارٹر آف اکانومی کی اب بھی دعوت دی ہے، الیکشن دو، چار ماہ بعد ہو جائے گا تو کوئی قیامت نہیں آجائے گی۔

قمر زمان کائرہ نے عمران خان کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اجتماعی دانش سے مسائل کا حل نکالتے ہیں، عمران خان کے دور میں بھی ہم نے چارٹر آف اکانومی کا کہا تھا، اس وقت ہمیں گالیاں دیں، بلاول بھٹو نے اس وقت کہا تھا عمران خان قدم بڑھاؤ، ایکسپورٹ، گروتھ بڑھانے میں بھی وقت لگے گا، اس حوالے سے ایگری کلچر پیکج بھی دیا گیا ہے۔