اسلام آباد: (دنیا نیوز) اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے الزام میں رہنما پاکستان تحریک انصاف شہباز گل ایمبولینس پر عدالت پہنچ گئے، عدالت نے عماد یوسف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے شہباز گل پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 20 جنوری تک مؤخر کردی۔
اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے سے متعلق کیس کی سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد جج طاہر عباس سپرا نے کی،
پی ٹی آئی رہنما شہباز گل ایمبولینس میں اسلام آباد کچہری پہنچے۔
ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا کے روبرو سماعت کے دوران وکیل نے بتایا کہ عماد یوسف کو ملیریا ہوگیا ہے، عماد یوسف کی جانب سے استثنا کی درخواست دائر کی جا رہی ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لگتا ہے یہاں باریاں لگی ہوئی ہیں، شہباز گل ایمبولینس پر لاہور سے آ گئے یہ کراچی سے نہیں آئے، اس موقع پر عماد یوسف کی میڈیکل رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کی گئی۔
رہنما پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہباز گل عدالت کے باہر ایمبولینس میں موجود ہیں، جج نے کہا کہ یہ معاملہ لٹک رہا ہے، لگتا ہے ٹائم آگے کیا جا رہا ہے، وکیل نے کہا کہ یہ بیمار آدمی کے وارنٹ گرفتاری جاری کرا دیتے ہیں، شہباز گل ایمبولینس سے نہیں اتر سکتے، انہیں آکسیجن ماسک لگا ہوا ہے جس پر عدالت نے شہباز گل کی ایمبولینس میں ہی حاضری لگا دی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد نے ملزم عماد یوسف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے جبکہ شہباز گل پر ایک مرتبہ پھر فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔
عدالت نے شہباز گل پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 20 جنوری تک مؤخر کر دی اور آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔