جنیوا: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی پارٹی قائد میاں نواز شریف اور مریم نواز سے جنیوا میں ملاقات، ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے دورہ جنیوا کے دوران پارٹی قائد میاں نواز شریف اور سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز سے ملاقات کی، وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ تھے، وزیر اعظم شہباز شریف اور اسحاق ڈار نے مریم نواز کا گلے کا آپریشن ہونے پر خیریت دریافت کی اور انہیں پارٹی کا سینئر نائب صدر منتخب ہونے پر مبارک بھی پیش کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے، وزیر اعظم شہباز شریف اور نواز شریف نے فیملی کے ساتھ رات کا کھانا بھی کھایا، فیملی ڈنر پر نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پارٹی قائد میاں نواز شریف اور فیملی کے ساتھ تقریبا 2 گھنٹے کا وقت گزارا۔