لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ نوازشریف اور شہباز شریف شروع سے ہی دو نمبری کے ماہر ہیں، شریف برادران نے کبھی ایک نمبر کام نہیں کیا، کہ جو حکمران بے ایمان ہوگا اس کام میں برکت نہیں ہوگی، عمران خان جیسا سچا اور کھرا لیڈر پاکستان میں نہیں ملنا۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے سمن آباد موڑ انڈر پاس اور کرکٹ سٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھا، اس موقع چودھری پرویزالہٰی کو میاں اسلم اقبال اور ڈی جی ایل ڈی اے نے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی، سابق وفاقی وزیر حماد اظہر، اراکین اسمبلی، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
چودھری پرویز الہٰی نے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 400 میٹر طویل سمن آباد انڈر پاس 2 ارب 3 کروڑ روپے کی لاگت سے 6 ماہ میں مکمل کیا جائے گا، سمن آباد انڈر پاس بننے سے سمن آباد، گلشن راوی، توحید پارک، ملتان روڈ، چوبرجی، چوک یتیم خانہ اور ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو آمد و رفت میں آسانی ہوگی، سمن آباد کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر پر 66 کروڑ روپے لاگت آئے گی، کرکٹ گراؤنڈ بننے سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے ٹیلنٹ کے اظہار کا بھرپور موقع ملے گا۔
چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ ماسٹر پلان کا ذکر اکثر سامنے آتا ہے، ماسٹر پلان پی ٹی آئی کے دور حکومت میں شروع ہوا، ن لیگ کے میڈیا سیل نے ماسٹر پلان کے متعلق منفی مہم چلائی، شہباز اور نوازشریف شروع سے ہی 2 نمبر ہیں، شریف برادران نے کبھی ایک نمبر کام نہیں کیا، مستقبل میں کسی کو پنجاب میں ن لیگ نظر نہیں آئے گی، صرف ہمارے کام نظر آئیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جو حکمران بے ایمان ہوگا اس کام میں برکت نہیں ہوگی، عمران خان جیسا سچا اور کھرا لیڈر پاکستان میں نہیں ملنا، عمران خان عوام کی بہتری اور بھلائی کے لئے ہر خطرہ مول لے رہے ہیں، ہمیں معلوم ہے عمران خان سچے ہیں اس لئے لوگوں نے ساتھ دیا ہے، جیسے قائداعظم سچے اور کھرے تھے اس ہی طرح عمران خان بھی ہیں۔