اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کے کیس کی سماعت 25 جنوری تک ملتوی کرد دی گئی۔
عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی کارروائی کے کیس کی سماعت ہوئی، چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت 5 رکنی کمیشن نے سماعت کی،عمران خان کی جانب سے بیرسٹر گوہر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
بیرسٹر گوہر نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی گزشتہ سماعت کا حکمنامہ نہیں ملا، لاہور ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کا نوٹس چیلنج کیا ہے۔
ممبر اکرام اللہ خان نے کہاکہ اس کمیشن پر اعتماد کریں، عدالت جانے میں جلد بازی نہ کریں، ہو سکتا ہے جو آپ کو لگتا ہے وہ فیصلہ نہ آئے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ درخواست گزار بھی آج پیش نہیں ہوا۔
بعدازاں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عمران خان کو پارٹی کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کے کیس کی مزید سماعت 25 جنوری تک ملتوی کردی۔