شہباز شریف، بلاول بھٹو پاکستان کیلئے گداگری کر رہے ہیں، چودھری شجاعت

Published On 11 January,2023 05:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ گداگری کا الزام وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو ہر روز فقیر کہہ کر پکارا جا رہا ہے، وہ یہ گداگری پاکستان کیلئے کر رہے ہیں جس پر انہیں فخر ہونا چاہئے۔

چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اور وزیر خارجہ پاکستان میں موجود سیلاب زدگان کی بحالی کے ساتھ ساتھ عوام کی معاشی صورتحال بہتر بنانے کی خاطر پیسے مانگ رہے، یہ پیسے اگر انہیں چوک میں کھڑے ہو کر بھی مانگنے پڑے تو اس پر بھی انہیں فخر ہونا چاہیے اور اس نیک کام میں ہم بھی ان کے ساتھ شریک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ ادھر ادھر سے چند مثالیں ڈھونڈ کر بیان دیتے ہیں انہیں بھی چاہیے کہ ہر قدم عوام کی خاطر اٹھایا کریں، ایسے لوگوں پر یہ شعر لاگو ہوتا ہے کہ
تو ادھر ادھر کی نہ بات کر یہ بتا کہ قافلہ کیوں لٹا
مجھے رہزنوں سے گلہ نہیں تیری رہبری کا سوال ہے