لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہو چکی ہے، امپورٹڈ حکومت نے آئین و قانون کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور ایم این اے حسین الٰہی کی زمان پارک آمد، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی صورتحال اور اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ فرحان خان کو انڈین ایجنٹ سمجھ کر الٹا کر سارا جسم زخمی کیا، ایک محب وطن پاکستانی کا قصور کیا ہے، یہ پوری قوم کے لئے سوالیہ نشان ہے؟
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب کو ڈی نوٹیفائی کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت کل تک ملتوی
عمران خان نے وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی فیملی ممبران کو نو فلائی لسٹ میں شامل کرنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہو چکی ہے، امپورٹڈ حکومت نے آئین و قانون کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب میں وفاقی حکومت کی شب خون مارنے کی سازش ناکام ہو گی، پی ٹی آئی اور ق لیگ کے اراکین اسمبلی متحد ہیں اور وفاقی وزراء کو منہ کی کھانا پڑے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ سیاست میں کبھی انتقامی کارروائی کی اور نہ یقین رکھتے ہیں، چاہے فرحان خان پر تشدد کی بات ہو یا بندے اٹھانے کی شہبازشریف اور رانا ثناء اللہ کی ہر سازش ناکام ہو گی۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ انشاء اللہ ناکامیاں شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کا مقدر بن چکی ہیں، وفاقی حکومت اقتدار کے لالچ میں بدترین انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے۔