کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے پنجاب سے اعلیٰ سطحی حکومتی رابطے کے تحت بلوچستان حکومت نے پنجاب حکومت سے آٹے کی ترسیل پر عائد دفعہ 144 اٹھانے کی درخواست کر دی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایات پر صوبائی حکومت کی کوششوں سے گندم اور آٹے کے بحران کے خاتمے کی جانب مثبت پیشرفت ہوئی ہے، پنجاب حکومت نے بلوچستان حکومت کی درخواست پر آٹے کی ترسیل پر لگائی گئی پابندی اٹھانے کا فیصلہ جلد کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔
یہ بھی پڑھیں: گندم اور آٹا ذخیرہ کرنے، مہنگا بیچنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم
محکمہ خوراک اور کوئٹہ کی ضلعی انتظامیہ کے موثر اقدامات کے تحت پنجاب کے علاقے لیہ کے پاسکو گودام سے 2 لاکھ بوری گندم کی بتدریج ترسیل کا آغاز ہو گیا، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کے تعاون سے کوئٹہ شہر میں 11 مقامات پر آٹا سیل پوائنٹ قائم کر دئیے گئے ہیں۔
جمعرات سے سیل پوائنٹس پر 1471 روپے میں 20 کلو گرام معیاری آٹا دستیاب ہو گا، ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی آٹا سیل پوائنٹس قائم کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں اساتذہ کیلئے ہارڈ ایریا الاؤنس منظور
صوبائی حکومت نے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ چند روز میں بحران پر مکمل قابو پالیا جائے گا۔