کوئٹہ: (ویب ڈیسک) حکومت بلوچستان نے دور دراز اضلاع میں خدمات سرانجام دینے والے اساتذہ کے لیے ہارڈ ایریا الاؤنس کی منظوری دے دی۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے ارسال کردہ سمری کی منظوری وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے دی، دور دراز اضلاع میں آواران، واشک، کوہلو، موسیٰ خیل، شیرانی، ڈیرہ بگٹی اور صحبت پور شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے اپنے دورہ آواران کے دوران دور دراز خدمات سرانجام دینے والے اساتذہ کے لیے ہارڈ شپ الاؤنس کا اعلان کیا تھا۔
بلوچستان کے پسماندہ اضلاع میں تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لیے ہارڈ ایریا الاؤنس دینے کے فیصلہ سے بی پی ایس 9 تا 15 کے ٹیچنگ سٹاف کو 5000 روپے ماہانہ اضافی ملیں گے۔
بی پی ایس 17 کے ٹیچنگ سٹاف کو 10 ہزار روپے ماہانہ ہارڈ الاؤنس اور ہیڈ ماسٹر، ہیڈ مسٹریس اور پرنسپل کو 15 ہزار روپے ماہانہ ہارڈ الاؤنس ملے گا، ضلعی فیلڈ ایجوکیشن آفیسرز مرد و خواتین کو 25 ہزار روپے ماہانہ ہارڈ الاؤنس دیا جائے گا۔