حکومت بلوچستان میں گندم بحران پر قابو پانے میں معاونت کرے، زمرک خان

Published On 02 January,2023 11:30 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر خوراک و خزانہ زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان میں گندم بحران پر قابو پانے میں معاونت فراہم کرے۔

زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں گندم کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے، وزیراعظم اور وفاقی وزارت فوڈ سکیورٹی سے بلوچستان کو فوری طور پر سرکاری قیمت پر 5 سے 6 لاکھ ٹن گندم کی فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو خود بھی صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ ہیں، گندم کی کمی کے بحران پر قابو پانے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو سستے داموں آٹا دستیاب ہو سکے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سیلاب اور دیگر نامساعد حالات کی بناء پر 10 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کا ہدف حاصل نہ کیا جا سکا، محکمہ خوراک صرف 3 لاکھ ٹن گندم ہی خرید سکا جبکہ پاسکو سے بھی 2 لاکھ ٹن گندم خریدی گئی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کے وزیر خوراک سے ملاقات کر کے گندم کی فراہمی کی بات کی تھی۔

زمرک خان اچکزئی نے پنجاب نے 6 لاکھ ٹن گندم فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی، ہم نے حکومت سندھ سے بھی گندم کی خریداری کی کوشش کی، سیلاب کے باعث پورے ملک میں گندم کی صورتحال خراب ہونے کی وجہ سے ابھی تک گندم کا حصول ممکن نہیں ہو سکا ہے، ہم پاسکو کے شکر گزار ہیں کہ ان کی جانب سے سرکاری قیمت پر مزید دو لاکھ ٹن گندم کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم سخت حالات کے باوجود عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، گندم بحران پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Advertisement