مری: (دنیا نیوز) مری میں برفباری کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کمشنر اور آر پی او راولپنڈی کو ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے ہدایات جاری کر دیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے متعلقہ اداروں کو ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ برفباری کے دوران مری میں خصوصی انتظامات کیے جائیں، سیاحوں کی سہولت کیلئے ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے فعال انداز میں فرائض سر انجام دیں، سیاحوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔
چودھری پرویزالہٰی نے مزید کہا کہ شہریوں اور سیاحوں کو سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے لمحہ بہ لمحہ مری کی صورتحال سے باخبر رکھا جائے، سینئر افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں اور تمام اقدامات کی نگرانی کریں، سڑکوں کی بندش کی صورت میں فی الفور مشینری استعمال میں لائی جائے۔