وزیر اعظم، وزیر داخلہ کی تھانہ سربند پر دہشتگرد حملے کی مذمت

Published On 14 January,2023 09:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پشاور میں تھانہ سربند پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پشاور میں تھانہ سربند پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں، دہشت گردی کے خلاف پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے حوصلے پست کرنے کیلئے دہشت گردوں کی مذموم سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتیں، پوری قوم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے اس ناسور کا جلد جڑ سے خاتمہ کرنے کیلئے پر عزم ہے۔

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے بھی اپنے ایک بیان میں دہشتگردانہ کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گرد تھانوں پر حملے کر رہے ہیں، پولیس کے جوان اور افسران ٹارگٹ ہو رہے ہیں، حالیہ واقعے سے لگتا ہے کہ حکومت نے بنوں حملہ سے بھی کوئی سبق نہیں سیکھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ساری توانائیاں صوبائی اسمبلی توڑنے پر مرکوز ہیں، عوام کی حفاظت اور صوبے میں امن وامان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ترجیح ہی نہیں، دہشت گردوں کے حملوں میں کے پی پولیس بھی محفوظ نہیں، عوام کے تحفظ کا کیا ہوگا؟ پولیس شہداء کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

خیال رہے کہ آج پشاور میں تھانہ سربند پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جس میں ڈی ایس پی سمیت 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، حملے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی سردار حسین کو متھرا کے علاقہ میں سپردخاک کیا گیا جبکہ شہید ہونے والے 2 کانسٹیبلز ارشاد اور جہانزیب کو بھی ان کے آبائی علاقوں میں سپر خاک کر دیا گیا ہے۔

Advertisement