کراچی: سردی کے باعث ووٹنگ سست روی کا شکار، متعدد مقامات پر پولنگ عملہ غائب

Published On 15 January,2023 10:16 am

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے متعدد پولنگ سٹیشنز سے پولنگ عملہ غائب ہونے کی شکایات موصول ہونے لگیں جب کہ شہر میں سردی کے باعث صبح کے آغاز میں ووٹرز کی تعداد بھی کم دیکھنے میں آ رہی ہے۔

ضلع کیماڑی ماڑی پور ٹاؤن یوسی 3 پولنگ سٹیشن نمبر 17 میں عملہ نہ ہونےسے پولنگ کا عمل تاخیر کا شکار ہوگیا، اس کے علاوہ غیر متعلقہ افراد پولنگ سٹیشن میں موجود ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

ووٹرز کا کہنا ہے کہ سکیورٹی ہونے کے باوجود بھی کسی کو روکا نہیں جا رہا ہے، پولنگ سٹیشنز پر عملہ موجود نہیں ہے اور عملہ نہ ہونے کی وجہ سے ووٹ کاسٹ نہیں کرسکے۔

یوسی 4 گلشن ٹاؤن
اس کے علاوہ یوسی 4 گلشن ٹاؤن میں پولنگ ایجنٹ تاحال نہیں پہنچ سکے۔

یوسی 4 گلشن ٹاؤن کے پریذائیڈنگ آفیسرنے کہا کہ عملے نے بیلٹ باکسز سیل کر دیئے ہیں، تمام تر چیزیں وقت پر تیار کر لی ہیں، ابھی تک ایک ووٹ کاسٹ نہیں ہوا، کسی جماعت کا بھی پولنگ ایجنٹ نہیں آیا۔

یوسی 5 جیل روڈ سکول
جناح ٹاؤن یو سی 5 جیل روڈ سکول میں بھی انتخابی سامان موجود ہے لیکن عملہ غائب ہے۔

ضلع شرقی یوسی 4 وارڈ 7
ضلع شرقی یوسی 4 وارڈ 7 میں بھی پولنگ کا عمل تاخیر کا شکار ہے، یہاں ووٹرز ووٹ کاسٹ کئے بغیر ہی واپس لوٹ گئے۔

ضلع وسطی نیوکراچی یوسی 5 وارڈ 2
ضلع وسطی نیو کراچی یوسی 5 وارڈ 2 میں پولنگ کے عمل میں تاخیر دیکھنے میں آئی، یوسی فائیو وارڈ ٹو میں بیلٹ باکس ہی نہیں پہنچائے جا سکے، یہاں بھی متعدد جگہوں پرپولنگ ایجنٹ نہیں پہنچے، یوسی 5 کےپولنگ اسٹیشن میں بیلٹ باکس سیل نہیں کیے گئے۔

فقیر گوٹھ کاٹھور
ملیر پولنگ سٹیشن نمبر 11 مورو فقیر گوٹھ کاٹھور میں تاحال پولنگ شروع نہیں ہوسکی ہے۔

دوسری جانب لانڈھی نمبر 6 میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے کھلے آسمان تلے کیمپس لگا لیے۔

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا کہنا ہے کہ شہر کے شمالی حصے میں رات میں درجہ حرارت 4.5 ڈگری تک رہا، 16 جنوری تک شدید سرد موسم کا امکان ہے۔

 

Advertisement