کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں چند گھنٹے باقی، کئی پریذائیڈنگ افسر لاپتہ

Published On 14 January,2023 11:12 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہر اقتدار کے بلدیاتی انتخابات میں چند گھنٹے باقی رہ گئے، کئی پریذائیڈنگ افسران لاپتہ ہو گئے، الیکشن میٹریل کی منتقلی کئی علاقوں میں عارضی طور پر روک دی گئی۔

ذرائع کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں سے 30 سے زائد پریذائیڈنگ افسران اچانک غائب ہو گئے، پریذائیڈنگ افسران ڈیوٹیوں پر تاحال نہیں پہنچے، پریذائیڈنگ افسران کی تلاش کے لیے پولیس مصروف عمل ہے، دوسرے افسران کی تعیناتی کے لئے ڈی آر اوز سے رابطہ کیا گیا ہے۔

مختلف علاقوں سے پولنگ میٹریل کی منتقلی کے دوران بدنظمی بھی دیکھنے میں آئی ہے۔

دوسری جانب پولیس چیف کے مطابق شہر میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا سامان منتقل کر دیا گیا، 3 سے 4 ہزار کی نفری مختلف محکموں سے لی ہے، نفری محکمہ جنگلات، اینٹی کرپشن ، اینٹی انکروچمنٹ فورس اور دیگر اداروں سے لی گئی ہے، رینجرز اور ایف سی کے جوان بھی مختلف مقامات پر تعینات کر دئیے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں ضلع سینٹرل میں عملے کی جانب سے پولنگ سامان لے کر جانے سے متعلق فوٹیج وائرل ہونے کے معاملے پر پولیس نے موقف اختیار کیا ہے کہ عملہ پولنگ سٹیشن کے قریب تھا اس لئے سامان پیدل لیکر جا رہا تھا۔

پولیس کے مطابق ڈی آر او سینٹرل نے صورتحال چیک کی ہے، سارا سامان عملے کے پاس موجود ہے، تمام سامان عملے کی نگرانی میں لے جایا گیا، کچھ عناصر نے شور مچایا۔

Advertisement