شہباز شریف کیخلاف اعتماد کے ووٹ کی کارروائی، وزیر اعظم ہاؤس میں ہلچل

Published On 16 January,2023 07:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کے اعتماد کے ووٹ کے معاملے پر وزیراعظم سیکرٹریٹ نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے رابطہ کر کے اراکین اسمبلی کی تازہ ترین فہرستیں مانگ لیں۔

اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے ایوان کے اراکین کی اس وقت تعداد 331 ہے جن میں سے حکومت کو 181 اراکین کی حمایت حاصل ہے، مسلم لیگ (ن) کے 85، پیپلز پارٹی کے 58 اور متحدہ مجلس عمل کے 14 ایم کیو ایم کے7، بی اے پی اور بی این پی کے 4، 4، مسلم لیگ ق کے3، جے ڈبلیو پی اور اے این پی کے 1،1 رکن حکومت میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ قومی اسمبلی میں 4 آزاد اراکین بھی حکومت کے ساتھ ہیں، اس کے برعکس اپوزیشن کے اراکین کی تعداد 150 ہے، جن میں پی ٹی آئی کے 121 اور 21 منحرف اراکین شامل ہیں جبکہ جی ڈی اے3، مسلم لیگ ق 2، بی اے پی، جماعت اسلامی اور عوامی مسلم لیگ کے ایک ایک رکن بھی اپوزیشن کے ساتھ ہیں۔

ایوان کی 11 سیٹیں خالی ہیں، 7 پر جیت کر عمران خان نے حلف نہیں لیا، ایک پر عمران خان نااہل ہوئے ہیں، محمود مولوی، ندیم خان اور روحیلہ حامد نے بھی منتخب ہو کر حلف نہیں لیا، جعفر لغاری کی وفات سے بھی ایک سیٹ خالی ہے جبکہ اپوزیشن کے شکور شاد اور محمد میاں سومرو کا معاملہ عدالت میں چل رہا ہے۔
 

Advertisement