وزیر اعظم، وزیر خارجہ اور مولانا فضل الرحمان کی لطیف آفریدی کے قتل کی مذمت

Published On 16 January,2023 04:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لطیف آفریدی کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ لالہ لطیف آفریدی کا بہیمانہ قتل بڑے دکھ کی خبر ہے، خیبرپختونخوا حکومت یہ دہشت گردی کرنے والوں کو قانون کے مطابق عبرت ناک سزا دلائے، صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ لطیف آفریدی نے تمام عمر آئین کی سربلندی، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کیلئے جدوجہد کی، وہ ایک اعلیٰ قانون دان اور بہادر سیاسی راہنما تھے، ایک توانا آواز خاموش ہوگئی، ان کی سیاسی، قانونی اور جمہوری جدوجہد جاری رہے گی، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔

چیئرمین پی پی پی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی لطیف آفریدی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سچے جمہوریت پسند رہنما تھے، لطیف آفریدی شدت پسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف موثر آواز تھے، ان کے افسوسناک قتل پر سخت صدمہ ہوا ہے، ان کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دعاگو ہوں کہ لطیف آفریدی کے جنت میں درجات بلند ہوں اور لواحقین کو صبرجمیل عطا ہو۔

مولانا فضل الرحمان نے سابق صدر سپریم کورٹ بار لطیف آفریدی کے قتل کی شدید مذمت کی اور کہا کہ دن دیہاڑے پشاور بار میں قاتلانہ حملہ صوبائی حکومت کی ناکامی ہے، صوبے کو آگ میں جھونک کر حکومت مستعفی ہو رہی ہے، قتل کا واقعہ افسوسناک ہے، تحقیقات کرکے ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
 

Advertisement