کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان کی تمام مشینری برفباری کے دوران متحرک اور فعال ہے، متعلقہ اداروں کی کاوشوں سے قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی آمد و رفت برقرار ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے چیف سیکرٹری عبدالعزیز عقیلی نے ملاقات کی، ملاقات میں اہم امور سمیت برف باری کی صورتحال اور امدادی کارروائیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ کو چیف سیکرٹری کی جانب سے برف باری کے علاقوں اور قومی شاہراہوں پر اداروں کی جانب سے جاری کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی، ملاقات میں پی ڈی ایم اے، لیویز اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
— Mir Abdul Quddus Bizenjo (@AQuddusBizenjo) January 18, 2023
دوسری جانب کوئٹہ اور شمالی بلوچستان میں وقفہ وقفہ سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے، پی ڈی ایم اے کی جانب سے کوئٹہ مستونگ نوشکی روڈ کو ٹریفک کے لیے کلئیر کر دیا گیا۔
پی ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق ہیوی مشینری کے ذریعے سڑک سے برف ہٹا دی گئی، کوئٹہ چمن کوژک ٹاپ پر بھی برف ہٹانے کا کام جاری ہے، پی ڈی ایم اے نے انتباہ جاری کیا کہ عوام رات کے وقت کوئٹہ چمن اور خانوزئی کی جانب سفر سے گریز کریں۔