محکمہ موسمیات نے 21 جنوری سے بارش اور برفباری کی پیش گوئی کر دی

Published On 19 January,2023 07:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات اسلام آباد نے ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر دی، 21 جنوری سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ بالائی علاقوں کو لپیٹ میں لے گا۔

محکمہ موسمیات اسلام آباد کے مطابق خطہ پوٹھوہار سمیت بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے، لاہور، سیالکوٹ، گجرات، ساہیوال سمیت پنجاب کے مختلف حصوں میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ مری، گلیات، کشمیر، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان میں پہاڑوں پر درمیانی سے شدید برفباری متوقع ہے، شدید برفباری سے سڑکیں بند اور گاڑیوں کی آمد ورفت میں خلل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ 21 جنوری سے 25 جنوری تک جاری رہے گا، بارش و برفباری کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہو گی۔

دوسری جانب وادی نیلم میں 4 روز کے وقفے کے بعد دوبارہ برفباری شروع ہو گئی، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، شدید سردی کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، محکمہ موسمیات کی جانب سے اگلے 4 دن وادی نیلم میں برفباری جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
 

Advertisement