لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی کمیٹی کے اراکین کے درمیان پہلا رابطہ ہوا ہے۔
مسلم لیگ ن کے ملک احمد خان نے پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی کے رکن کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ آج شام تک لاہور پہنچ جاؤں گا۔
ملک احمد خان نے کہا کہ اگر آج جلدی لاہور پہنچ گیا تو آج ہی ورنہ کل صبح تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی سے مذاکرات ہوں گے۔
ادھر تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کے اراکین بدستور پنجاب اسمبلی میں موجود ہیں، پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے رکن راجہ بشارت نے ملک احمد خان سے رابطے کی تصدیق کی ہے۔
راجہ بشارت نے بتایا کہ ملک احمد خان نے آج لاہور پہنچنے کی اطلاع دی ہے، جب تک ن لیگی کمیٹی سے بات نہ ہو کچھ بھی بتانے کی پوزیشن میں نہیں ہوں۔