کراچی: (دنیا نیوز) سینیٹ کی سندھ میں خالی نشست پر ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو کے علاوہ کوئی امیدوار نہیں، پیپلز پارٹی کے امیدوار کی بلامقابلہ کامیابی کا نو ٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان ہے۔
سینیٹ نشست کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے علاوہ کسی نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے تھے، پیپلز پارٹی کے3 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جن میں نثارکھوڑو ،عاجز دھامرہ اور سرفراز راجڑ شامل تھے۔
عاجز دھامرہ پہلے ہی کاغذات نامزدگی واپس لے چکے تھے، آج سرفراز راجڑ نے بھی کاغذات واپس لے لیے۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ سینیٹ کا ٹکٹ دینے پر پارٹی قیادت کا مشکور ہوں، انہوں نے کہا کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کو مینڈیٹ ملا ہے، اسے سب کو تسلیم کرنا چاہیے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سب کے مینڈیٹ کا احترام کیا ہے، پیپلز پارٹی کے کراچی سے اب بھی پانچ ایم این ایز ہیں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے فیصل واوڈا کیس سے متعلق فیصلہ کے بعد سینیٹ کی نشست خالی ہوگئی تھی۔