روس سے مارچ کے بعد خام تیل، انرجی مصنوعات کی فراہمی شروع ہو جائے گی، مصدق ملک

Published On 20 January,2023 05:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ روس سے مارچ کے بعد خام تیل اور دیگر انرجی مصنوعات کی فراہمی شروع ہو جائے گی۔

روس سے سستے تیل اور گیس خریدنے کے معاملہ پر وزیر پٹرولیم نے چند ہفتوں بعد روس سے پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کی نوید سنا دی، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس میں انرجی سکیورٹی پر جامع پلان تیار کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور روس کے درمیان کسٹم شیئرنگ سے متعلق معاہدہ طے

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ مارچ کے بعد روس سے خام تیل اور دیگر انرجی مصنوعات کی فراہمی شروع ہو جائے گی، روس سے اگلی سردیوں سے پہلے گیس کے حصول کیلئے بھی انتظامات کر لیے جائیں گے، تجارت کیلئے کرنسی کا طریقہ کار بھی طے کر لیا گیا ہے۔

وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ سعودی عرب سمیت دیگر ممالک سے بھی مذاکرات چل رہے ہیں، پائپ لائن، ٹرمینلز کے امور پر بھی بات چیت چل رہی ہے۔