اسلام آباد: (دنیا نیوز) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اب بات سیاست سے آگے نکل گئی ہے اور ملک خانہ جنگی کی طرف جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ملک میں معاشی، اقتصادی اور سماجی تباہی ہے اور تباہی ہی تباہی ہے اور حکومت بھگوڑی ہے، پنجاب میں بغیر ڈولی کے دلہنیں آگئی ہیں، یہ ٹارزن بنے پھرتے ہیں اب الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، کل لال حویلی سے خطاب کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ 13 جماعتوں کو معلوم ہے کہ ہماری الیکشن میں سیاسی موت ہے، ایک ہی حل ہے کہ ملک کو بچانے کیلئے 24 کروڑ لوگ سڑکوں پر آئیں،ایسا نہیں ہوسکتا کہ 24 کروڑ کا ملک دربدر ہو رہا ہو اور اس کا کوئی پرسان حال نہ ہو، ملک میں معاشی تباہی ہے ریزرو 4 بلین سے بھی نیچے چلے گئے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک ہو کا عالم ہے، گھمبیر اور نہایت ہی خوفناک حالات ہیں، اب بات سیاست سے آگے نکل گئی ہے اور ملک خانہ جنگی کی طرف جا رہا ہے، زمین اتنی گرم ہے کہ لوگ اپنے بچوں کا پیٹ بھرنے سے بھی تنگ ہیں۔