گجرات: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ جیل گجرات میں قیدیوں کی طرف سے ہنگامہ آرائی و توڑ پھوڑ کے معاملہ پر اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سمیت 8 اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق گجرات جیل میں تحقیقاتی کمیٹی نے دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا، آئی جی جیل خانہ جات کو تحقیقاتی کمیٹی کی مفصل رپورٹ جلد پیش کی جائے گی۔
تحقیقاتی کمیٹی کی سفارش پر اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سمیت 8 جیل اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا، ذرائع کے مطابق گجرات جیل میں گزشتہ روز سے تمام تر صورتحال معمول پر آچکی ہے۔
جیل دورہ کے دوران تحقیقاتی کمیٹی نے سرکاری املاک کے نقصانات، قیدیوں کو دی جانے والی سہولتوں کا معائنہ کیا، واقعے کے بعد 14 اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل اور 40 وارڈنز کی اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی۔