بات سیاستدانوں سے ہوتی چوروں سے نہیں، مریم وزیراعظم بننے کا خواب دیکھ رہیں، فرخ

Published On 27 January,2023 07:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بات سیاستدانوں سے ہوتی ہے چوروں سے نہیں، مریم نواز وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہی ہیں، گزشتہ 9 ماہ میں جو کچھ ہوا ہے ایسا کبھی آمریت میں بھی نہیں ہوا، عدلیہ ریاست کے ہر شہری کے حقوق کو یقینی بنائے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ 25 مئی کے دن ظلم کرنے والے افسران کو چن چن کر لگایا جا رہا ہے، نگران سیٹ اپ بھارتی ایکشن فلموں سے کافی متاثر ہے، میرے خلاف الزام لگایا گیا کہ میں نے پولیس والوں کی وردیاں پھاڑ دیں، وائرلیس سیٹ چھینا، اس سے زیادہ کوئی مضحکہ خیز ایف آئی آر نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا کہ جتنی ایف آئی آر کا شوق پورا کرنا ہے کر لیں، ہم صرف ملک میں آئین کی حاکمیت چاہتے ہیں، کچھ طاقت ور حلقوں نے ہماری زباں بندی کا فیصلہ کیا ہے، عمران خان 22 کروڑ لوگوں کی جان ہے، یہ عمران خان کی سکیورٹی واپس لے رہے ہیں، اس وقت اگر کسی کی جان کو خطرہ ہے تو وہ عمران خان ہے، اگرعمران خان کو کچھ ہوا تو ذمہ دار آپ لوگ ہوں گے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ آئین کے مطابق 90 دن میں الیکشن کروانے ہیں، 14 دن گزر چکے ہیں، پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی کا شیڈول نہیں آ رہا، دو صوبوں کے بجائے ضمنی انتخابات کا اعلان کرنا مذاق ہے، الیکشن کمیشن کو آئین سے روگردانی نہیں کرنے دیں گے، پی ڈی ایم والے جوتیاں اٹھا کر الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے، ہم ملکی حالات میں استحکام چاہتے ہیں، عدلیہ سے درخواست ہے کہ آئین کی خلاف ورزی پر ایکشن لے، جب کوئی طاقتور آئین و قانون کو نہ مانے تو پھرعدلیہ کی ذمہ داری ہے، ہم نے عدالت میں پیٹیشنز دائر کر دی ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ڈار صاحب کی ڈالر ڈارلنگ ان سے ناراض ہوگئی ہے، مریم نواز وزیراعلیٰ نہیں وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہی ہیں، بات سیاست دانوں سے ہوتی ہے چوروں سےنہیں ہوتی، 13 جماعتوں کو ایلفی این آر او ٹو نے جوڑا ہوا ہے، کرپشن کے سائے تلے زرداری، فضل الرحمان سب ایک ہیں۔