کراچی : ( دنیا نیوز ) صوبائی دارالحکومت میں شہریوں کی جانب سے بجلی کی طویل بندش پر کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج کیا گیا، مظاہرے کے باعث ٹریفک کئی گھنٹوں تک بند رہی۔
کراچی کے علاقے محمود آباد کالا پل پر بجلی بندش کے خلاف سات گھنٹے تک احتجاج کیا گیا، احتجاج کے باعث کالا پل سے ڈیفنس کی جانب آنے اور جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند رہی۔
صوبائی وزیر سعید غنی کی جانب سے کے الیکٹرک کی جانب سے انکے حلقے میں بجلی کے کئی فیڈرز بند کرنے پر مذمت کی گئی، ان کا کہنا تھا کہ بجلی بحال نہیں کی گئی تو کے الیکٹرک کے دفتر پر دھرنا دیا جائیگا۔
دوسری جانب کے الیکٹرک حکام کا کہنا ہے کہ چینسر گوٹھ اور معصوم شاہ کالونی میں عدم ادائیگیوں کی بناء پر بجلی منقطع کی گئی، بجلی منقطع کئے جانے والے علاقوں پر 39 کروڑ 75 لاکھ واجبات ہیں۔