کراچی : ( دنیا نیوز ) صوبائی دارالحکومت کے ضلع کیماڑی میں مبینہ زہریلی گیس سے ایک ماہ کے دوران 16 افراد جاں بحق ہوگئے ، متاثرہ افراد مچھرکالونی ، علی محمد گوٹھ میں رہائش پذیر تھے۔
محکمہ صحت سندھ نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاکتیں 10جنوری سے 25 جنوری تک رپورٹ ہوئیں، مرنے والوں میں اٹھارہ سے پچاس سال تک کے مرد و خواتین شامل ہیں جبکہ تمام افراد کی تدفین ہوچکی ہے ، پوسٹ مارٹم کسی کا نہیں کیا گیا۔
واقعے کی اطلاع کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ایکشن لیتے ہوئے 3 فیکڑیاں سیل کرکے 4 افراد کو حراست میں لے لیا۔
ڈپٹی کمشنر ضلع کیماڑی کے مطابق متعلقہ فیکٹریوں سے نکلنے والے دھوئیں اور کیمیکل کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔