کراچی : (دنیا نیوز ) سندھ حکومت نے خواتین کیلئے یکم فروری سے پنک بس سروس چلانےکافیصلہ کیا ہے ۔
صوبائی وزیرٹرانسپورٹ شرجیل میمن کی زیرصدارت اجلاس میں ملازمت پیشہ خواتین کےسفری مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔
خواتین کیلئے مخصوص پنک بس سروس پہلے مرحلے میں کراچی کے دو روٹس پر چلائی جا رہی ہے، ابتدائی طور پر ایک روٹ ماڈل کالونی سے براستہ شاہراہ فیصل، میٹروپول، آئی آئی چندریگر روڈ سے میری ویدر ٹاور تک ہے جب کہ دوسرا روٹ میری ویدر ٹاور سے صدر کے راستے ضلع سینٹرل تک جائے گا جو بعد میں چلایا جائے گا۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے اجلاس میں کہا کہ پنک بس سروس صبح اورشام دفتری اوقات میں ہر20منٹ بعد چلے گی ، دفتری اوقات کےبعد ہرایک گھنٹےکے بعد پنک بس سروس چلائی جائے گی اور اس کا کرایہ 50 روپے ہوگا۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کراچی میں نارنجی، سرخ، سفید کےبعد خواتین کیلئے پنک بس سروس شروع کررہےہیں ، کراچی کے روٹ 4، 5, 6 اور 7 پر جلد از جلد بسیں چلانی ہیں ، اس کا مقصد زیادہ سے زیادہ شہریوں کو جدید پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر کرنا ہے۔
اجلاس میں سکھر، لاڑکانہ، حيدرآباد میں پیپلز بس سروس کے آپریشنز کا بھی جائزہ لیا گیا ، شرجیل میمن نے سکھرمیں 29 جنوری کو پیپلزبس سروس کاآغاز کرنے کی بھی ہدایت کردی ۔
پنک بس سروس خواتین کے لیے مخصوص پہلی پبلک ٹرانسپورٹ سروس ہوگی ، پنک بس سروس کیلئے ابتدائی مرحلے میں 8 بسیں حاصل کی گئی ہیں، پہلا روٹ کامیاب ہونے کی صورت میں دوسرے روٹ کیلئے بسیں تیار کی جائیں گی۔