سکھر: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سابق حکومت کی بچھائی ہوئی معاشی مائنز کا سامنا کر رہی ہے، ملک ڈیفالٹ ہونے کا تاثر غلط ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت پورے صوبے میں بہتر پرفارم کرنے کی کوشش میں مصروف ہے، اسی سلسلے میں کراچی کے بعد سکھر میں 1122 ریسکیو شروع کر رہے ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ملک میں مشکل حالات ضرور ہیں مگر موجودہ حکومت مشکل فیصلے کر کے ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کی کوشش کر رہی ہے، ملک کی بہتری کیلئے سندھ حکومت ہمیشہ آگے آگے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں نااہل وزیر اعظم تک کو کہا کہ سپورٹ میں ہیں مل کر کام کریں مگر انہوں نے کوئی کام نہیں کیا، سیلابی صورتحال میں بھی یہ غلط افواہیں پھیلاتے رہے تاکہ ہمیں بیرون ممالک سے سپورٹ نہ ملے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پشاور دہشت گردی کے واقعے پر بہت افسوس اور رنج ہے، پہلے حملے امام بارگاہ اور مساجد پر ہوتے تھے اس میں تو تمام مسالک کے لوگ تھے، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ دہشت گرد اسلام دشمن ہیں، کے پی میں پی ٹی آئی حکومت کے تسلسل کے باعث ایسے تشویشناک حالات ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ مہنگائی میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے مگر امید ہے کہ آگے جا کے بہتری آئے گی، عوام کو ریلیف ملے گا، کچے کے علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا جا رہا ہے، رینجرز اور پاک فوج سے بھی مدد مانگی گئی ہے، کچے میں جرائم پیشہ افراد کے پاس جدید ہتھیار ہیں، حیران کن بات ہے کہ وہ ہتھیار ان کے پاس پہنچے کیسے؟؟۔