وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پشاور دھماکے اور دہشتگردی کے خلاف مذمتی قرارداد منظور

Published On 01 February,2023 06:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سانحہ پشاور اور ملک میں حالیہ دہشتگردی کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی گئی۔

قرارداد میں پشاور مسجد میں دہشت گردی کے اندوہناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی، کابینہ تمام متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کرتی ہے، پوری قوم شہداءکے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے، اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبر اور زخمیوں کو صحت دے۔

وفاقی کابینہ کی قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کو نشانہ بنانے والے مسلمان نہیں ہو سکتے، دہشت گردی کی ہر قسم کا مکمل خاتمہ اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، پاکستانیوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کوانسداد دہشتگردی کیلئے417 ارب روپے دیے ، کہاں گئے : وزیراعظم

قرارداد میں خیبرپختونخوا کی پولیس اور ’کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ‘ کی تنظیم نو کا فیصلہ بھی کیا گیا، معیاری تربیت، جدید اسلحے سمیت ضروری ساز و سامان کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے، تمام سیاسی قوتوں کو دہشتگردوں کے خلاف قومی اتحاد، یک جہتی اور ایک آواز ہوناوقت کی ضرورت ہے۔

وفاقی کابینہ نے کہا کہ سیاسی تقسیم ایک طرف رکھتے ہوئے متفقہ طور پر دہشت گردی کے خاتمے کے ایجنڈے پر جمع ہوں، قومی دفاع، سلامتی اور امن و معیشت کے تقاضوں کا موثر انداز میں تحفظ یقینی ہو سکے۔