اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس سے مقبوضہ کشمیر سے آئے کشمیری وفد کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔
کشمیری وفد نے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو فرن پہنایا، وفد نے کشمیری شال اور کانگڑی کا تحفہ بھی پیش کیا۔
کشمیری وفد کے ارکان کا کہنا تھا کہ 7 سال بعد اپنے عزیز و اقارب سے ملاقات ہوئی ہے، عزیز واقارب سے ملاقات کے لیے مقبوضہ کشمیر میں موجود کشمیری ترستے ہیں، بھارت ہمیں ویزا فراہم نہیں کرتا۔
اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے آئے ہمارے مہمان ہمارے دل کے قریب ہیں، مقبوضہ کشمیر میں موجود لوگوں کی مشکلات کا ہمیں احساس ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کی 5 فروری کو آزاد کشمیر دورے کی اطلاعات ہیں، سیاسی اختلاف اپنی جگہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور کشمیری قیادت ایک پیچ پر ہیں، کشمیر کی آزادی تکمیل پاکستان کے ایجنڈے میں شامل ہے، اقوام متحدہ نے اس جنگ کو جائز جنگ آزادی قرار دے رکھا ہے۔
سردار تنویر الیاس نے کہا کہ اگر عالمی ادارے سامنے نہ آئے تو یہ جنگ ہندوستان کے چپے چپے میں لڑی جائے گی، شہدا کے لیے 100 فلیٹ اور 500 گھروں کا منصوبہ زیر غور ہے۔