سری نگر: (ویب ڈیسک)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے اہلکار نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
کشمیری میڈیا رپورٹ کے مطابق ضلع کپواڑا میں فوجی کیمپ میں فائرنگ کی آواز سے اہلکاروں اور افسران کی دوڑیں لگ گئیں، جائے وقوعہ پر اہلکار کی لاش کے ساتھ اس کی سرکاری رائفل بھی پڑی تھی۔
بھارتی فوجیوں نے اپنے ساتھیوں کو قریبی ملٹری ہسپتال منتقل کیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا، بھارتی فوجی اہلکار نے سرکاری رائفل سے سر میں گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کشمیر میں بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، ہیومن رائٹس واچ
خودکشی کرنے والے اہلکار کی شناخت لائس نائیک شیو کمار کے نام سے ہوئی ہے،لاش کو ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقے روانہ کردیا گیا اور واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں2007 سے اب تک 560 سے زائد اہلکار خودکشی کرچکے ہیں۔