اسلام آباد: (دنیا نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر شیخ رشید احمد نے اسلام آباد سے کراچی اپنی منتقلی روکنے کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔
شیخ رشید نے کراچی اور مری میں درج مقدمات کے سلسلے میں اپنی پولیس کو حوالگی روکنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:شیخ رشید اسلام آباد کے کسی تھانے میں موجود نہیں: راشد شفیق کا دعویٰ
وکیل سردار عبدالرزاق خان کی وساطت سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے سابق صدر آصف زرداری پر قتل کا الزام لگایا جس کا میں نے حوالہ دیا، میرے خلاف مقدمات میں مدعی متاثرہ فریق نہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سیاسی بیان بازی کی بنا پر مزید مقدمات درج کرنے سے روکا جائے نیز آبپارہ ، مری اور کراچی کے مقدمات غیر قانونی قرار دے کر کالعدم قرار دیں۔
یہ بھی پڑھیں:شیخ رشید کی مشکلات میں مزید اضافہ، کوئٹہ میں بھی مقدمہ درج
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ کراچی کا مقدمہ اختیار سے تجاوز قرار دیا جائے یا اسلام آباد منتقل کیا جائے، عدالت کیس کے حتمی فیصلے تک کراچی منتقلی سے روکنے کا حکم جاری کرے۔
شیخ رشید کی جانب سے ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں اسلام آباد، سندھ اور پنجاب کے آئی جیز، سیکرٹری داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے۔