لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے نگران حکومت پنجاب کے اختیارات سے متعلق کیس کی سماعت 14 فروری تک ملتوی کر دی، پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈووکیٹ منصور اعوان عدالت میں پیش ہوئے تھے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس باقر علی نجفی کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کی، جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس شاہد کریم، جسٹس عاصم حفیظ اور جسٹس انوار حسین لارجر بینچ کا حصہ تھے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا تمام درخواست گزاروں کے وکلاء موجود ہیں، جس پر سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ اس وقت صوبہ میں کوئی ایڈووکیٹ جنرل نہیں، بہت سے معاملات رکے ہوئے ہیں، یہ فوری نوعیت کا معاملہ جلد سنا جائے۔
جسٹس باقر علی نجفی نے استفسار کیا کہ آپ کو کس طرح پنجاب حکومت نے اپنا وکیل مقرر کیا، کیا پنجاب حکومت کے پاس ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نہیں جو پیش ہوں، پیر سے روزانہ اس کی سماعت کریں گے، ہم جلد از جلد کیس کی سماعت کر کے فیصلہ کریں گے۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ جو افسران الیکشن پر اثر انداز ہوسکتے ہیں ان کے تبادلوں پر پابندی ہوتی ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ کوئی بیان دینے کے بجائے ہدایات لے لیں، آپ اس پر اپنا تحریری بیان جمع کروائیں۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد مزید کارروائی 14 فروری تک ملتوی کر دی۔