لاہور: (دنیا نیوز) لاہور اور گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں پٹرول کی مصنوعی قلت کا سامنا ہے، پٹرول ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں، شیخوپورہ اور پھولنگر میں ذخیرہ کیا گیا 63 کروڑ مالیت کا پٹرول برآمد کیا گیا۔
پٹرول کی قلت کے باعث مختلف مقامات پر پمپس بند کر دیئے گئے، لاہور، گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں پٹرول کا حصول مشکل ہوگیا ہے۔
گوجرانوالہ بھر میں پٹرول کی شدید قلت کا سامنا ہے جہاں دستیاب ہے وہاں لمبی قطاریں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔
پٹرول اور ڈیزل کو ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف بھی ایکشن لیا گیا، شیخوپورہ اور پھولنگر سے ذخیرہ کیا گیا 63 کروڑ مالیت کا پٹرول برآمد کر لیا گیا۔
شیخوپورہ میں کارروائی کے دوران 30 کروڑ سے زائد مالیت کا پٹرول ملا، پولیس نے درجن سے زائد آئل ٹینکرز قبضے میں لئے، ادھر پھولنگر میں 33 کروڑ مالیت کا ذخیرہ کیا گیا تیل اور ڈیزل برآمد کیا گیا۔
ادھر جنوبی پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں انتظامیہ نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ڈیزل اور پٹرول برآمد کر لیا گیا۔
نجی آئل کمپنی قصبہ گجرات کے ڈپو پر ایس ڈی پی او سنانواں ریاض حسین بخاری نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ چھاپہ مارا جس میں 85 لاکھ لٹر تیل (ڈیزل، پٹرول) قبضے میں لے لیا گیا۔
واضح رہے کہ وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک نے پٹرول اور ڈيزل کی قلت پیدا کرنے والوں کو خبر دار کرتے ہوئے کہا تھا کہ تیل ذخیرہ کرنے والے پمپس کے لائسنس منسوخ کردیں گے۔