لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت تحریک انصاف کے عوامی پراجیکٹ صحت کارڈ منصوبے کو رول بیک کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف یاسمین راشد نے کہا کہ حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھا دی ہے اب عوام سے علاج کی سہولت بھی چھینی جارہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پر حملے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کو متنازعہ بنانے کی کوشش ہو رہی ہے، جے آئی ٹی وفاقی حکومت نے بنائی اس کو نہیں بننا چاہیے تھا، پنجاب حکومت کی جانب سے بنائی گئی جے آئی ٹی کے تفتیشی افسر کی تفتیش سب کے سامنے آنی چاہیے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ گوجرانوالہ میں تفتیش کا سارا ریکارڈ ڈی جی اینٹی کرپشن نے سیل کردیا تھا، ہمارا ایک ہی مؤقف تھا کہ یہ ایک پلاننگ تھی، یہ عمران خان کو قتل کرنے کی ایک سازش تھی ، ایف آئی آر ہماری مرضی کے مطابق درج ہونی چاہیے، اگر مجھ پر گولی چلے تو میرا حق ہے کہ جن پر شک ہے ان کا نام لوں، خدا جانے پولیس پر کن لوگوں کا پریشر ہے کہ ایف آئی آر درج نہیں کی گئی، یہ لوگ قانون او ر آئین کی دھجیاں ادھیڑ رہے ہیں۔
سابق وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ اے پی سی پر بات کرتے ہوئے آپ کو سیریس ہونا چاہیے، آپ کا وزیر داخلہ دھمکیاں دے رہا ہے۔