شیخ رشید نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی تعیناتی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

Published On 02 February,2023 11:58 am

لاہور: (دنیا نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی تعیناتی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔

سپریم کورٹ سے درخواست واپس کیے جانے کے بعد شیخ رشید کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے نگران وزیر اعلیٰ کے تقرر کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا، درخواست میں وفاقی حکومت، صدر پاکستان، الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں چودھری پرویز الہیٰ، حمزہ شہباز، گورنر پنجاب اور نگران وزیر اعلیٰ کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ آئین میں طریقہ کار وضع کیا گیا ہے کہ کس طرح نگران وزیر اعلیٰ لگایا جائے، موجودہ نگران وزیر اعلی بنانے کے عمل میں بدنیتی شامل ہے۔

شیخ رشید نے درخواست میں کہا کہ محسن نقوی کے نام پر پہلے ہی اعتراضات اٹھ گئے تھے، اعتراضات کے باوجود انہیں وزیراعلیٰ بنا دیا گیا، الیکشن کمیشن نے باقی 3 ناموں کومسترد کرنے کی وجوہات نہیں بتائیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عالیہ نگران وزیراعلیٰ کی تعیناتی کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے اور محسن نقوی کو بطور نگران وزیر اعلیٰ کام کرنے سے روکے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی اور شیخ رشید نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا تقرر سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے ان کی تعیناتی کو غیر آئینی قرار دینے کی استدعا کی تھی، تاہم گزشتہ روز سپریم کورٹ آفس نے ان کی درخواست متعدد اعتراضات کے ساتھ واپس کر دی۔
 

Advertisement