لاہور : (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ پولیو کے خلاف جنگ قوم کے نونہالوں کے مستقبل کی جنگ ہے، مشترکہ کاوشوں سے پولیو کے مرض کا خاتمہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت انسداد پولیو اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم،صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، سیکرٹری اور ایڈیشنل سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی ہیلتھ سروسز اور متعلقہ حکام کی شریک ہوئے، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے انسداد پولیو پر اقدامات اورمہم کے بارے میں بریفنگ دی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پولیو فری پنجاب کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کی ہدایت کردی، انہوں نے انسداد پولیو مہم کیلئے وضع کردہ پلان پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 13سے 16فروری تک پنجاب کے 13اضلاع میں انسداد پولیومہم شروع کی جارہی ہے ، مہم کے دوران 2کروڑ 20لاکھ بچوں کوانسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے، ویکسینیشن مہم کے دوران مانیٹرنگ کا فول پروف نظام وضع کیاجائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہمارا قومی مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔