لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کسانوں اور کاشتکاروں کے مسائل کے حل کے لئے ایکشن میں آگئے، زراعت کی بہتری کے لیے ٹاسک فورس قائم کرنے کی منظوری دیدی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی سے پروگریسو فارمرز کے 50 رکنی وفد کی وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں زرعی اجناس، لائیو سٹاک اور مچھلی کی زیادہ پیداوار کے لئے موثر اقدامات کرنے اور ریسرچ کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا، اپٹما فاؤنڈیشن کی طرف سے کاٹن کی کاشت بڑھانے کیلئے ریسرچ کی خاطر 100 کروڑ روپے کے فنڈ کے قیام کا اعلان کیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے زرعی شعبہ کی بہتری، پیداوار میں اضافے اور مارکیٹ تک آسان رسائی کے لئے ٹاسک فورس کے قیام کی منظوری دیدی، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی ٹاسک فورس کے چیئرمین ہوں گے، ٹاسک فورس میں نگران صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر، سیکرٹریز زراعت، آبپاشی، لائیو سٹاک، زرعی ریسرچ اداروں کے سربراہان، گوہر اعجاز، سید یاور علی، ذکا اشرف اور فواد مختار شامل ہوں گے۔
ٹاسک فورس 7 روز میں زرعی پیداوار میں اضافے، نئے بیجوں کے استعمال، مارکیٹ تک آسان رسائی اور دیگر امور کے بارے میں سفارشات پیش کرے گی، ٹاسک فورس کی سفارشات کی روشنی میں فی الفور فیصلے کئے جائیں گے۔
محسن نقوی نے تمام وزرا کو ڈویژن کی سطح پر کاشتکاروں کے ساتھ ملاقات کا ٹاسک دے دیا، صوبائی وزراء کمشنرز کے ساتھ مل کر کاشتکاروں کے مسائل سنیں گے اور موقع پر ہی حل کریں گے، اپٹما فاؤنڈیشن زرعی یونیورسٹیوں میں کاٹن او ردیگر فصلوں کے بہتر بیج پر ریسرچ کے لئے فنڈنگ کرے گی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کھاد کی فراہمی اور بلیک مارکیٹنگ روکنے کے لئے موثر اقدامات، لمپی سکن ویکسی نیشن مہم تیز کرنے کی ہدایت کی، اس موقع پر ٹیوب ویل کے بجلی بل میں جی ایس ٹی پر سبسڈی بحال کرنے کے لئے وفاقی حکومت سے رجوع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔