فیصل آباد:(دنیا نیوز) ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے کارروائی کرتے ہوئے خود کو پولیس آفیسر ظاہر کرکے شہریوں کو لوٹنے والے 5ملزمان گرفتارکرلیے ۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے مطابق گرفتار ملزمان، شہریوں کو ان کے رشتے داروں کی جعلی گرفتاری کا جھانسہ دے کر رقوم بٹورتے تھے اور انہیں ڈرانے کیلئے پولیس وائرلیس کی ریکارڈنگ بھی استعمال کرتے تھے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کی شناخت منیر، عنصرعباس، عامر، عمران اور اسلم کے نام سے ہوئی ہے ، ملزمان کے قبضے سے موبائلز، لیپ ٹاپ، سمز، اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا ہے ۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی جانب سے مختلف شہریوں سے مجموعی طور پر 12 لاکھ روپے سے زائد کا فراڈ کیا گیا ، ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے ۔