اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ عمران خان نے پارلیمان اور قومی اداروں کی توہین کی،عمران خان نے پہلے امریکی سازش اور اب باجوہ سازش کو حکومت تبدیلی کا ذمہ دار قرار دیا، عمران خان نے جو ڈرامہ رچایا کیا اس کا احتساب نہیں ہونا چاہیے؟
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ماضی میں وزارت مذہبی امور، متروکہ وقف املاک میں عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جاتا تھا جس کا راستہ ہم نے روکا، پچھلے سال حج 1480 ریال سستا کرایا، اس سال بھی کوشاں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایک دن گالی، اگلے دن معافی مانگنا عمران خان کی سیاست ہے: مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا کہ میری سوچ کے مطابق پاکستان کے لئے موجودہ حالات میں معاشی دہشت گردی زیادہ خطرناک ہے جس سے ہر شخص متاثر ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ ایک شخص 10 ماہ سے یہ کہہ رہا ہے کہ امریکی سازش کے ذریعے مجھے اقتدار سے باہر نکالا، اسی شخص نے پارلیمان اور اداروں کی توہین کی ہے، عمران خان نے جو ڈرامہ رچایا ،کیا اس کا احتساب نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے سب سے بڑی دہشت گردی معاشی دہشت گردی ہے، پاکستان کا ہر شہری اس سے پریشان ہے، ہمارے لئے بہت بڑا چیلنج ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کرپشن سب سے بڑا ناسور ہے ، پاکستان ریلوے ، بجلی ، گیس ، پی آئی اے سے ہم نے کمائی کرنی ہے، موٹر ویز، ہائی ویز پر بنائے گئے ٹول پلازے کماتے کم اور نقصان زیادہ کرتے ہیں، ہمارے اداروں کی آؤٹ پٹ کیا ہے، سرحدی علاقوں میں ٹیکس کی وصولیاں کتنی ہیں اور کرپشن کتنی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لوگ عمران خان کو بطور کامیاب کرکٹر اور ناکام سیاستدان یاد رکھیں گے: ناصر شاہ
مفتی عبدالشکور نے کہا کہ چپڑاسی سے لے کر اوپر تک افسران کمانے کے لئے سیٹوں پر بیٹھے ہوئے ہیں، ان پر کسی کی نظر نہیں ہے، ہمارے فنڈز 100 فیصد استعمال نہیں ہوتے بلکہ لوگوں کی جیبوں میں جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں وزارت مذہبی امور، متروکہ وقف املاک میں عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جاتا رہا، پچھلے سال کی طرح اس سال بھی حج سستا کرنے کی کوشش کریں گے۔