کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان اور پی ٹی آئی نے سیاست، آئین اور قانون کو بھی کھیل سمجھا ہوا ہے، اپنے کھیل میں وہ ہر روز عجیب و غریب باتیں کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا پی ٹی آئی کی خواہش پر الیکشن نہیں ہو سکتے، الیکشن آئین، قانون کے مطابق ہونے چاہئیں، عمران خان اور اس کے حواریوں نے اپنے دور میں آئین کو کئی بار بلڈوز کیا، ان کو آئین اور قانون کے بارے میں کچھ پتہ نہیں، پی ٹی آئی کی جانب سے آئین کے تحفظ کی مہم چلانے کی بات کرنا مضحکہ خیز ہے، پہلے جیل بھرو تحریک کا تو آغاز کرو۔
صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے مزید کہا کہ یہ لوگ ہر روز نئے چٹکلے چھوڑ دیتے ہیں، یہ لوگ جیل بھرو تحریک کیا چلائیں گے؟ عمران خان اور ان کے حواریوں کے اداروں کو بلیک میل کرنے کے تمام حربے ناکام ہو چکے ہیں، عمران خان الیکشن کمیشن کو دباؤ میں لانا چاہتے ہیں تاکہ انہیں من پسند فیصلے مل سکیں، تحریک انصاف ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلانے کی سازشیں کر رہی ہے۔