اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان صاحب کے دور میں آئین کو نقصان ہو رہا تھا، ان کے دور میں ہمارا آئین اور نظام خطرے میں تھا۔
شہدائے جمہوریت کی یاد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں ہمیشہ سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا، میں کھیلوں گا یا کسی کو نہیں کھیلنے دوں گا، کے رویئے سے ملک کا نقصان ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پاکستان اتنے بڑے سیاسی و معاشی بحران سے کبھی نہیں گزرا، ہم سب سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں، سیاسی رابطوں کے لیے کمیٹی تشکیل دیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جب تک یہ ملک آئین کے تحت چلے گا عوام کو ان کا حق ملے گا، جب بھی آئین کو توڑا گیا تو نقصان ملک کا ہوا، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک و قوم کو 73 کا متفقہ آئین دیا، انہوں نے عام آدمیوں کے حقوق کا تحفظ کیا، یہ سال گولڈن جوبلی سال ہے، آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کے سلسلے میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ 73 کا آئین شہید ذوالفقار علی بھٹو کی امانت ہے، آئین پاکستان شہریوں کے حقوق اور وفاقی اکائیوں کے اتحاد کا ضامن ہے، قائد عوام اس ملک میں ایک انقلاب لے کر آئے، اس آئین نے بڑے بڑے ادارے قائم کئے، صوبے بھی اس آئین کی وجہ سے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج تک ملک اس آئین کی وجہ سے چلتا آرہا ہے، جس وقت سے ہم آج گزر رہے ہیں یہ ایک امتحان ہے، معاشرے کو چلانے کے لئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا پڑتا ہے، اپوزیشن کی غیر سنجیدگی ملک اور جمہوریت کا نقصان ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس ملک کو چلانے کے لئے ضروری ہوتا ہے کہ ہم سب رول کے تحت چلیں، سب کو آئین کے گولڈن جوبلی سال کی مبارک باد دیتا ہوں، نظام کو بہتری کی طرف لے کر جائیں تاکہ سب کو فائدہ ہو۔